9 اگست 2016 - 11:37
عراقی سیکورٹی کابینہ کا اجلاس، موصل کی آزادی کی تیاری

عراق کے وزیراعظم نے ملک کے سبھی اداروں سے کہا ہے کہ وہ موصل شہر کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے عراقی افواج کی مدد کریں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے جو مسلح افواج کے سپریم کمانڈر بھی ہیں عراق کی سیکورٹی کابینہ کی میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عراقی افواج موصل شہر کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کےلئے پوری طرح تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موصل کی آزادی کی کارروائیوں کے دوران عراقی افواج کو ملک کے سبھی اداروں کی حمایت درکار ہے- ان کا کہنا تھا کہ فلوجہ اور الرمادی جیسے اہم شہروں کی آزادی کے بعد اب عراقی افواج داعش کے آخری گڑھ موصل کو بھی آزاد کرانے کےلئے خود کو تیار کرچکی ہیں -

عراقی وزیردفاع خالد العبیدی نے بھی صوبہ نینوا کی آپریشنل کمان کے معائنے کے دوران کہا کہ عراق کی سبھی فورسز منجملہ کرد پیشمرگہ ملیشیا موصل کی آزادی کی کارروائیوں میں شرکت کریں گی- ان کا کہنا تھا کہ موصل کو آزاد کرانے کی کارروائیاں جلد ہی شروع کر دی جائیں گی۔

عراقی وزیردفاع نے کہا کہ اس وقت صوبہ نینوا کی آپریشنل کمان اور عراقی کردستان کی مقامی انتظامیہ کے درمیان اس سلسلے میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے -

دریں اثنا عراقی فوج کی ہائی کمان نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ الانبار میں قبائلی لشکر کے جوانوں نے شام کی سرحد سے ملحقہ الولید گذرگاہ پر تکفیری دہشت گردوں کے ایک بڑے حملے کو ناکام بنا دیا ہے- اس کارروائی میں بڑی تعداد میں دہشت گرد مارے گئے ہیں- عراق کی عوامی رضاکارفورس نے بھی اعلان کیا ہے کہ صوبہ صلاح الدین میں مطیبجہ کا علاقہ دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا گیا ہے-

دوسری جانب صوبہ کرکوک میں الحویجہ کے باشندوں پر داعش کے مظالم کا سلسلہ بھی جاری ہے- الحویجہ شہر کے قبائل کے سربراہ عمرالنعیمی نے کہا ہے کہ داعش نے علاقے کے باشندوں پر اپنا دباؤ بڑھانے کے لئے الحویجہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں تقریبا دو لاکھ باشندوں کو اپنے محاصرے میں لے لیا ہے جس کے نتیجے میں اس علاقے کے لوگوں کو غذائی اشیا اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

الحویجہ کے قبائل کے سربراہ نے کہا کہ داعش کے ذریعے اس علاقے کا مسلسل محاصرہ جاری رہنے کی صورت میں یہاں ایک انسانی المیہ بھی رونما ہو سکتا ہے- کرکو ک سے رکن پارلیمنٹ محمد تمیم نے بھی کہا ہے کہ اگر اس سلسلے میں کوتاہی سے کام لیا گیا تو حویجہ میں لوگوں کا بڑے پیمانے پرقتل عام ہو سکتا ہے۔

.......

/169